یورپی یونین کا غزہ کیلئے فضائی راہداری بنانے کا فیصلہ

برسلز : یورپی یونین نے مصر کے راستے غزہ کے لیے انسانی بنیادوں پر فضائی راہداری بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ کمیشن کی سربراہ نے کہا غزہ کے لوگ امدادی سامان کے انتہائی مستحق ہیں جن کی انسانی بنیادوں پر مدد کی ضرورت ہے اس لیے ہم یہ امدادی مہم شروع کر رہے ہیں۔ یورپی یونین غزہ میں فلسطینیوں کی مدد کیلئے مصر کے راستے سے فضائی راہداری کا آغاز کررہی ہے جس کی پہلی 2 پروازیں رواں ہفتے شروع کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں جاپان نے غزہ کے شہریوں کے لیے 10 ملین ڈالرز امداد دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ جاپان کی وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا غزہ کے شہریوں کی مدد کے لیے 10 ملین ڈالرز امداد فراہم کریں گے۔ دریں اثنا کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے غزہ میں انسانی ہمدردی کے تحت راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے کہا 23 لاکھ افراد کی فوری مدد کی ضرورت ہے جو غزہ میں محصور ہیں اور امداد کے منتظر ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کینیڈا اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے لیکن جنگوں کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں۔پارلیمان میں اپنے خطاب میں انہوں نے کا دہشت گردی کا کبھی بھی دفاع نہیں کیا جا سکتا اور حماس کے حملوں کا کوئی جواز نہیں پیش کیا جا سکتا ہے۔ حماس فلسطینی عوام کی نمائندگی نہیں کرتا اور نہ ہی ان کے مطالبات جائز ہیں۔