دھرم شالا: نیدرلینڈ کی ٹیم نے ورلڈ کپ 2023ء میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے جنوبی افریقاکو شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 207 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ نیدرلینڈ نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دی۔
دھرم شالہ کے HPCA اسٹیڈیم میں بارش سے متاثر ہونے والے میچ میں نیدرلینڈنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43 اوورز میں 8 وکٹوں پر 245 رنز بنائے اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 246 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔ تاہم اس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم محض 207 رنز ہی بنا سکی۔
سکاٹ ایڈورڈز کی کپتانی کی اننگز کی مدد سے نیدرلینڈز نے خراب آغاز کے بعد جنوبی افریقا کے خلاف بارش سے متاثرہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء کے میچ میں 43 اوورز میں 8 وکٹوں پر 245 رنز کا چیلنجنگ سکور بنا یا۔ بارش کے باعث کھیل تاخیر سے شروع ہوا جس کے باعث میچ کو 43 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
مطلع ابر آلود تھا اور جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ کاگیسو ربادا، مارکو یانسن اور لونگی نگیڈی نے سازگار حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیدرلینڈز کا سکور 34ویں اوور میں سات وکٹوں پر 140 تک کم کر دیا۔ ان تینوں تیز گیند بازوں نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم جنوبی افریقی گیند باز آخری اوورز میں رنز کے بہاؤ کو روکنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے آخری پانچ اوورز میں 68 رنز دیے۔ ایڈورڈز نے 69 گیندوں پر ناقابل شکست 78 رنز بنائے جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ایڈورڈز کو نچلے آرڈر کے بلے بازوں کا اچھا ساتھ ملا۔ انہوں نے ریلوف وین ڈیر مروے (19 گیندوں پر 29 رنز) کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت داری کی۔ نمبر ٹین بلے باز آرین دت نے 9 گیندوں پر 23 ناقابل شکست رنز بنائے۔
ربادا نے میچ کی اپنی پہلی گیند پر وکرمجیت سنگھ (02) کو آؤٹ کیا جبکہ یانسن نے چھ گیندوں کے بعد اپنے اوپننگ پارٹنر میکس او ڈاؤڈ (18) کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ربادا نے اسٹار آل راؤنڈر باس ڈی لیڈے (02) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ اس طرح ہالینڈ کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنوانے کی وجہ سے مشکلات کا شکار نظر آئی۔