ورلڈ کپ؛ نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 149 رنز سے ہرادیا

چنئی: بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 16ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان 149 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ چنئی کے متھیا انامالائی چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، میچ کا ٹاس افغان ٹیم نے جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے اور افغانستان کے لیے 289 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

افغانستان کے خلاف نیوزی لینڈ کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، 110 کے مجموعی اسکور پر کیویز کے 4 بیٹرز آؤٹ ہوگئے۔ کیویز کی پہلی وکٹ 30 رنز پر گری جب اوپنر ڈیون کانوے کو مجیب الرحمان نے 20 رنز بناکر پویلین بھیجا، جس کے بعد وِل ینگ 54 اور رچن رویندر 32 رنز بنا کر عظمت اللّٰہ عمر زئی کا شکار ہوئے جبکہ ڈیرل مچل کو راشد خان نے ایک رن پر آؤٹ کیا۔

4 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان ٹام لیتھم اور گلین فلپس نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 144 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، دونوں بیٹرز نے نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔کپتان ٹام لیتھم 74 گیندوں پر 68 رنز بناکر نوین الحق کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

ٹام لیتھم کے آؤٹ ہوتے ہی گلین فلپس بھی نوین الحق کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی 80 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی 255 پر رنز 6 وکٹیں گرنے کے بعد اختتامی اوورز میں مارک چیپمین نے ناقابل شکست 25 اور مچل سینٹنر نے 7 رنز اسکور کیے اور یوں ٹیم کا اسکور 288 تک پہنچایا۔افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور عظمت اللہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔