کراچی: مارواڑی لائنز میں پولیس سے مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین مشتبہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ گولی لگنے سے اپنے گھر کے سامنے کھڑا نوجوان بھی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مارواڑی علاقے میں دو پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل پر سوار تین مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن اس کے بجائے انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس اہلکاروں نے مشتبہ افراد کا پیچھا کیا اور گھاس منڈی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں تینوں مشتبہ افراد ہلاک ہوگئے تاہم گولی لگنے سے ایک شہری 16 سالہ محمد عمیر بھی دم توڑ گیا۔ ایس ایچ او نصیر تنولی نے کہا کہ نوجوان اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا جہاں ملزمان کی طرف سے فائر کی گئی گولی ان کے سر میں لگی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور 23 سالہ شہری مرتضٰی ریاض بھی ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ بعدازاں لاشوں اور زخمی شہری کو سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مشتبہ افراد کے قبضے سے تین ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تاہم ہلاک ہونے والے مشتبہ افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔