اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ضمانت پر موجود ملزمان کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔
سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا حکومت کی اپیلیں سماعت کیلیے منظور کرلیں،سپریم کورٹ نے ضمانت منسوخی کیس میں اسد قیصر کو نوٹس جاری کردیا۔
جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے سماعت کی،سرکاری وکیل نے کہاکہ اسد قیصر و دیگر ملزمان کیخلاف اینٹی کرپشن صوابی میں مقدمات درج ہوئے،ملزمان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت حاصل کی،ملزمان عدالت سے ضمانت لیکر اینٹی کرپشن عدالت پیش نہیں ہوئے۔
ملزمان نے بعد ازاں ضمانت کیلیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا،پشاور ہائیکورٹ نے ملزمان کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
جسٹس سردار طارق مسعود نے کہاکہ ایسی ضمانت کیا مطلب ہے؟چوری کے ملزم کو عدالت ضمانت دے تو باہر جا کر قتل کردے،کیا قتل کے بعد پولیس اس ملزم کو گرفتار نہ کرے؟سرکاری وکیل نے کہاکہ قابل دست جرم میں پولیس کو گرفتاری کا مکمل اختیار ہے،عدالت نے ضمانت پر موجود ملزمان کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔