کراچی( اسٹاف رپورٹر) واٹر کارپوریشن نے جی پی ایس واٹر ٹینکر سپلائی میں اضافہ کردیا ۔ کراچی کے تمام اضلاع میں واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی سپلائی کی بڑھتی ہوئی طلب اور شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے واٹر کارپوریشن کے تمام سرکاری ہائیڈرنٹس پر جنرل پبلک سروس کے کوٹے میں پچاس فیصد کا اضافہ کردیا، اس ضمن میں انچارج ہائیڈرنٹس سیل واٹر کارپوریشن الہیٰ بخش بھٹو نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ واٹر کارپوریشن کے ساتوں سرکاری ہائیڈرنٹس پر جنرل پبلک سروس کے تحت یومیہ 6 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ اس سے قبل سرکاری ہائیڈرنٹس سے جنرل پبلک سروس کے تحت یومیہ 4 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جاتا تھا، انہوں نے بتایا کہ شہر کے ساتوں اضلاع کے سرکاری ہائیڈرنٹس سے یومیہ ٹوٹل 28 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جاتا تھا جس کو اب بڑھا کر یومیہ 42 لاکھ گیلن مقرر کردیا گیا ہے، اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ پانی چوروں کے خلاف پاکستان رینجرز اور واٹر کارپوریشن کے مشترکہ کارروائیوں سے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ ہوا ہے جس کے باعث واٹر کارپوریشن کے سرکاری ہائیڈرنٹس سے پانی کی طلب میں اضافہ ہؤا ہے اس لیے شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ہائیڈرنٹس پر جنرل پبلک سروس کے کوٹے میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، انکا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔