غزہ: اسرائیلی بمباری میں اسپتالوں اورایک چرچ کے بعد اب ایک تاریخی مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جس میں مسجد العمری الکبیر شہید ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے غزہ اور مغربی کنارے کے رہائشی علاقوں اور مذہبی مقامات پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
مغربی کنارے کے علاقے نور الشمس کے ایک پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی گئی جس میں 12 افراد شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیل نے مغربی کنارے میں ہی کئی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا جن پر حماس کے جانبازوں کی موجودگی کا شک تھا تاہم حملے کے وقت عماتیں خالی ہونے کے باعث جانی نقصان نہیں ہوا۔
چرچ میں پناہ لینے والے فلسطینیوں پر بمباری،12 شہید
اسی طرح غزہ کے شمالی علاقے میں کی گئی بمباری میں ایک چرچ بھی تباہ ہوا جس میں 12 افراد لقمہ اجل بن گئے اور درجن سے زائد زخمی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے اس پر ہی بس نہ کی بلکہ شمالی علاقے میں ہی ایک تاریخی مسجد العمری الکبیر پر بمباری کی جس میں مسجد مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔
خیال رہے کہ غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 900 سے زائد ہوگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد 15 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔