کراچی: نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا ہے کہ یکم نومبر سے غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو بے دخل کیا جائے گا، دنیا میں کہیں بھی غیرقانونی طور پر مقیم رہنے کی اجازت نہیں ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حارث نواز نے کہا کہ 31 اکتوبر تک غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو واپس جانے کا موقع دیا ہے اس کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی ہمارے بچوں کیلیے خطرناک ہے، گٹکا، ماوا، آئس اور دیگر منشیات کیخلاف کارروائیاں کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں وزیراعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کیلیے 31 اکتوبرکی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اعلان کیا تھا کہ یکم نومبر کے بعد غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کریں گے۔
نگراں وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ یکم نومبر کے بعد کوئی بھی بغیر ویزہ اور پاسپورٹ ملک میں داخل نہیں ہوگا۔