فائل فوٹو
فائل فوٹو

نوازشریف کی 4سال بعد آج وطن واپسی،مینار پاکستان پرجلسے سے خطاب کرینگے

لاہور: مسلم لیگ (ن) کےقائد نواز شریف آج 4 سال بعد وطن واپس پہنچیں گے۔نواز شریف چارٹرڈ جہازمیں 150 کے قریب اوورسیز لیگی ورکروں کے ہمراہ وطن واپس پہنچیں گے جبکہ 30 صحافی بھی براہ راست کوریج کیلئے دبئی سے ساتھ سفر کرینگے۔نواز شریف کی دبئی سے روانگی سے قبل ائرپورٹ لانج میں میڈیا سے بات چیت کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں نواز شریف نے دبئی سے پاکستان روانگی سے قبل کہاہے انتقام پر یقین نہیں رکھتا،ملک کو ہم سب کی ضرورت ہے ، پاکستان کو درست سمت میں لے کر جانے کےلئے آج بڑا پلان مینار پاکستان پر پیش کروں گا،میری زندگی کا مشن پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط اور بااختیار کرنا ہے۔

اﷲ کا شکر ہے اپنے وطن واپس جا رہا ہوں،عوام اور لیگی کارکنوں کی محبت کا ہمیشہ مقروض رہوں گا،جلاوطنی میں جنہوں نے دعا دی یا ساتھ دیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں،میرے خلاف جس نے جو کیا اﷲ اسکا حساب لےگا، وقت ہے کہ ہم مل کر پاکستان کیلئے کام کریں،آئندہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے،ن لیگ پورے ملک کی جماعت ہے اور ہر جگہ سے کامیاب ہو گی۔نواز شریف کی پاکستان روانگی کا وقت فائنل ہوگیاجس کے مطابق ان کی پرواز دبئی کے مقامی وقت کے مطابق ٹرمینل ٹو سے نو بجے روانہ ہوگی۔نواز شریف کی پرواز FZ 4525 دبئی سے لاہور کیلئے بک ہے، ان کا طیارہ پہلے اسلام آباد میں لینڈ کرے گا جس کےبعد وہ لاہور پہنچیں گے۔سابق وزیراعظم کی وطن واپسی پر (ن) لیگ آج مینار پاکستان پر جلسہ کریگی جس سے نواز شریف خطاب کرکے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ مینار پاکستان پر اپنے خطاب میں وہ سیاسی مخالفین سمیت دیگر افراد کو معاف کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز اور حمزہ شہباز نے پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کے ہمراہ گریٹر اقبال پارک کا دورہ کر کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔

ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے نوازشریف کے خصوصی طیارے کو لینڈنگ اور فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دے دی۔ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے فلائٹ ’امیدِ پاکستان‘ کی تیاری آخری مرحلے میں ہے، اس ضمن میں فلائٹ منتظمین اور مسلم لیگ ن نے ہدایات نامہ جاری کر دیا۔منتظمین کا کہنا ہے تمام مسافر ایئر لائن اور ایئر پورٹ قواعد کی پاسداری کریں۔منتظمین نے مسافروں کو 4 گھنٹے پہلے چیک اِن کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تاخیر کرنے والوں کی جگہ دیگر خواہشمند مسافروں کو بورڈنگ پاس دیا جا سکتا ہے۔فلائٹ منتظمین کا یہ بھی کہنا ہے کہ خوش حال پاکستان کی جانب سفر کا حصّہ بننے کے منتظر ہیں۔ ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ نواز شریف کی آمد پر سہہ پہر 3 بجے ڈیڑھ گھنٹے تک دو طیارےلاہورشہرپر پھول پھینکیں گے۔ مسلم لیگ ن نے اس حوالے سے نجی فضائی کمپنی سے رابطہ کیا ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کمپنی کو اجازت بھی دے دی ہے۔سندھ سے دو سپیشل ٹرینوں اورکوئٹہ سے جعفر ایکسپریس کی چھ بوگیوں میں لیگی کارکنان آج لاہور پہنچیں گے۔

لیگی قائد نے وطن روانگی سے قبل گزشتہ روز دبئی میں مصروف دن گزارا۔ان کی اسحاق ڈار کے بیٹوں کے گھر پر دبئی حکومت کی اعلیٰ شخصیت سے ملاقات ہوئی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی، اس دوران پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ نواز شریف نے 4 مختلف وفود سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں حسین نواز اورمیاں ناصر جنجوعہ بھی شریک ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نواز شریف کو فون کرکے پاکستان واپسی کے سلسلہ میں استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔شہباز شریف نےکہا پاکستان آپ کے استقبال کیلئے تیار ہے، مینار پاکستان پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، پنجاب اور پاکستان کے دیگر شہروں سے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں۔

نواز شریف نے شہباز شریف کو فون پر اہم ہدایات دیں، اس موقع پر سعودی عرب اور دبئی میں اہم ملاقاتوں کےحوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ نوازشریف نے استقبال کیلئے بھرپور انتظامات اور مہم چلانے پر شہباز شریف کو شاباش دی۔میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا نواز شریف کے خلاف بنائے جانے والے تمام کیسز فراڈ ہیں اوراس کے شواہد عوام کے سامنے آچکے ہیں،نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کوئی عجوبہ نہیں، عدالتیں انصاف پر مبنی فیصلے دے رہی ہیں۔ پارٹی قیادت نےمحمد زبیر کونواز شریف کے استقبال کیلئےدبئی جانے سے روک کرکارکنوں کے ساتھ ٹرین پر آنے کی ہدایت کردی۔