ریاض (اُمت نیوز ) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد اور کینیڈین وزیراعظم نے غزہ کی پٹی پرجاری کشیدگی کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے شہریوں پر حملے بند کرنے اور محصورین تک فوری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت سے اتفاق کیا۔
انہوں نے جنگ سے تباہ حال علاقے میں طبی ٹیموں کو رسائی دینے، زخمیوں کا علاج کرنے، ادویات کی فراہمی اور غزہ کا محاصرہ فوری ختم کرنے پر بھی زور دیا۔
قبل ازیں فرانسیسی صدر میکرون نے بھی شہزادہ محمد بن سلمان سے فون پر بات کی ، ولی عہد نے خطے اور دنیا میں سلامتی اور استحکام پر غزہ جنگ کے خطرناک اثرات سے بچنے کے لیے کشیدگی کو کم کرنے اور تشدد کا دائرہ پھیلنے سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی ولی عہد کاکہنا تھا کہ ان کا ملک شہریوں کو حملوں کا نشانہ بنانے کی مخالفت کرتا ہے، انہوں نے بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری اور شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کے خلاف فوجی کارروائیوں کو روکنے پر زور دیا۔
ولی عہد نے فلسطینی ریاست کے قیام کے منصفانہ حل تک پہنچ کر استحکام کی واپسی اور دیرپا امن کے حصول کے لیے حالات پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی پالیسی مسترد کر دی۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 15 سو سے زائد بچوں سمیت شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک اسرائیلی بربریت کا شکار ہوکر زخمی ہونے والے فلسطینی شہریوں کی تعداد بھی 13 ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے ۔
اسرائیلی بمباری میں غزہ کے 30 فیصد مکانات تباہ جبکہ بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بھی 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔