مصر(اُمت نیوز)مصر سے رفح بارڈر کے ذریعے امدادی سامان غزہ میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے۔
مصری ہلال احمر کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ غزہ کے لیے امداد لے جانے والے ٹرک ہفتے کے روز مصر سے رفح بارڈر کراسنگ میں داخل ہوگئے ہیں۔
مصر کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے 15 ویں دن امدادی سامان کی غزہ میں ترسیل کی تصدیق کردی ہے۔
امریکی سفارت خانے نے رفاہ کراسنگ کھولنے پر الرٹ جاری کیا تھا، جس کے مطابق رفاہ کراسنگ آج مقامی وقت صبح 10بجے کھلے گی۔
کراسنگ کھلے رہنے کے دورانیے کا تعین نہیں ہوسکا، جو غیر ملکی شہریوں کے لیے کھولی جائے گی۔
عالمی ادارہ صحت نے لکھا کہ امدادی سامان میں ادویات، طبی سامان اور محدود مقدار میں کھانے پینے کا سامان شامل ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کے دورے کے بعد اعلان کیا تھا کہ مصر کے ذریعے امداد سامان کو غزہ پہنچایا جائے۔