اسرائیلی فوج کا غزہ کی پٹی پر حملے تیز کرنے کا اعلان

یروشلم (اُمت نیوز ) اسرائیلی فوج نے ہفتے کی شام اعلان کیا ہے کہ وہ حماس کے زیر کنٹرول غزہ کی پٹی پر اپنے حملے کے اگلے مرحلے کی تیاری کے لیے غزہ پر اپنے حملوں کو تیز کرنے جا رہی ہے۔

غزہ میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی گروپوں کے درمیان جنگ 16 ویں روز میں داخل ہوگئی ہے، عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان جنرل ڈینیل ہگاری نے کہا کہ ہمیں جنگ کے اگلے مرحلے میں بہترین ممکنہ حالات میں داخل ہونا چاہیے، آج سے ہم حملوں کو تیز کر تے ہوئے خطرے کو کم کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ شمالی اسرائیل کی بمباری میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
ایک اسرائیلی پمفلٹ میں شمالی غزہ کے رہائشیوں کو متنبہ کیا گیا کہ جو کوئی بھی اس علاقے میں قیام کا انتخاب کرے گا اسے دہشت گرد قرار دیا جا سکتا ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر راکٹ لانچروں کے ذریعہ چھاپوں کا اعلان کیا تھا۔
کچھ روزقبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ایک ایسی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ اپنے فوجیوں کو سرحد کے نزدیک کسی جگہ پر اپنی فتح کا یقین دلا رہے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ پر ایک اسرائیلی حملے میں پانچ بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے اندر 352 افراد شہید ہوئے ہیں ، اس جنگ میں 15 روز کے دوران 4385 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ، جن میں 1756 بچے اور 967 خواتین شامل ہیں۔
اسرائیلی بمباری سے 13561 فلسطینی زخمی ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں ۔
دوسری جانب القسام بریگیڈز نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ وہ تل ابیب اور وسطی اسرائیل کو نئے راکٹوں سے نشانہ بنا رہا ہے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کے ساتھ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیل کی جانب سے 1400 سے زائد افراد ہلاک اور 4600 زخمی ہو چکے ہیں، اسرائیلی فوج نے کہا کہ حماس کے 1500 افراد ان علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جوابی حملے میں مارے گئے جن میں حماس کے ارکان داخل ہوئے تھے۔