پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی مکمل بند

اسلام آباد(اُمت نیوز)اتوار کے روز بینک میں رقم منتقل نہ ہونے کے باعث پی ایس او نے ائیر پورٹس پر پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن دینے سے معذرت کرلی ہے، جس کے بعد قومی ائیرلائن کا آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا ہے، اور بیشتر اندرون ملک پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، اور اس نے قومی ائیرلائن کو ایندھن کی فراہمی مکمل بند کردی ہے۔

گزشتہ کئی روز سے پی آئی اے ہر روز کی پروازوں کے ایندھن کے پیسے پیشگی ادا کررہا ہے، گزشتہ روز بھی 220 ملین روپے ادا کئے گئے تھے، تاہم اتوار کی صبح بینک بند ہونے اور رقم منتقل نہ ہونے پر پی ایس او کی جانب سے قومی ایئر لائن کو ایندھن دینے سے انکار کردیا گیا۔

دوسری جانب قومی ائیرلائن کا آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے، اور بیشتر اندرون ملک پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، اور مسافر رل گئے ہیں، لیکن حکومتی ایما پر قومی ایندھن کمپنی کسی قسم کی رعایت دینے پر راضی نہیں ہے۔

ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک سرکاری ادارے کا دوسرے حکومتی ملکیتی ادارے کو رعایت دینے سے انکار حیرت انگیز بات ہے، پی آئی اے کی نجکاری سے قبل ایسے اقدامات رائے عامہ ہموار کرنے کی حکومتی حکمت عملی لگتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نہج پر پہنچنے سے بہت پہلے ہی حکومتی وزارتیں آپس میں معاملات طے کرلیتی ہیں، سیکریٹری ایوی ایشن اپنے پٹرولیم کے ہم منصب کے ساتھ یہ مسئلہ اگر حل نہیں کروا سکتے تو یا یہ نالائقی ہے یا سوچہ سمجھا منصوبہ ہے، قومی ائر لائن کے ساتھ ہی نجی ائرلائنز اپنے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کریں گے، جس کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا ہوگا۔