بی این پی کا وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ

 

بلوچستان (اُمت نیوز)بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے آج اتوار کے روز وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کیا جارہا ہے، جس کی قیادت بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کررہے ہیں۔
لانگ مارچ کا اعلان بی این پی کے سینٹرل کمیٹی میں کیا گی تھا۔ پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کا موقف تھا کہ وڈھ میں ان کے فریق کے ساتھ جو تنازعہ چل رہا ہے اس میں حکومت فریق بنی ہے اور ایپکس کمیٹی کے فیصلوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مبینہ طور پر ہمارے فریق کو سپورٹ کیا گیا ہے۔
سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد وڈھ میں قیام امن اور لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہے تاہم حکومت ہمارے موقف کو سنے بغیر ایپکس کمیٹی میں فیصلہ دیکر عوام کی رائے کو اہمیت نہیں دے رہی ہے۔
وڈھ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ میں سوراب، قلات، مستونگ سے قافلے شامل ہونگے اور کوئٹہ پہنچ کر ایک جلسہ کیا جائے گا، جہاں سردار اختر مینگل اپنے آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے ۔