وزارتوں کوجعلی ای میلز،وٹس ایپ پیغامات سے ہوشیار رہنے کا انتباہ

اسلام آباد : کابینہ ڈویژن نے وزارتوں کو جعلی ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے نام سے آنے والی ای میلز اور فون کالز جعلی بھی ہو سکتی ہیں، جے ایس کوآرڈینیشن اور پی ایم آفس کی آئی ڈی سے مختلف وزارتوں اور ڈویڑنز کو جعلی ای میلز بھیجی جا رہی ہیں۔کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں واٹس ایپ سے بھی جعلی پیغامات بھیجے گئے ہیں، پی ایم آفس اور ایس آئی ایف سی سیل سیکرٹریٹ کے جعلی ایڈریس سے مختلف وزارتوں کو پیغامات بھیجے گئے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس تمام معاملے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کی جا رہی ہیں، جعلی ڈپٹی ڈائریکٹر ایس آئی ایف سی، پی ایم سیکرٹریٹ جاوید اور شہزاد احمد کی کالز اور ان کی فائلوں کو ڈاؤن لوڈ نہ کیا جائے۔

کابینہ ڈویژن نے کہا کہ شہزاد احمد کے نام سے آؤٹ لک ایڈریس والی ای میلز اور واٹس ایپ کو نہ کھولا جائے، ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کے حوالے سے ای میلز کو بھیجنے والے سے تصدیق کر کے کھولا جائے۔مراسلے کے مطابق تمام سسٹمز میں اینٹی وائرس انسٹال کیا جائے، جن وزارتوں نے پریس سیکرٹری وزیرِ اعظم آفس کی 3 اگست 2022ء کی ای میل کھولیں وہ اس آئی پی ایڈریس کو بلاک کریں۔