نئی دہلی: نیوزی لینڈ کو شکست دیکر بھارت نے ورلڈ کپ میں مسلسل پانچویں فتح اپنے نام کرلی۔دھرم شالہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 21 ویں میچ میں نیوزی لینڈ کا 274 رنز کا ہدف بھارت نے 6 وکٹوں کے نقصان پر بنالیے۔نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد بھارت پوائنٹس ٹیبل میں ایک بار پھر 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر واپس آگیا ۔ بھارت کی پہلی وکٹ 12 ویں اوور میں 71 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر روہت شرما 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
14 ویں اوور میں 76 کے مجموعی اسکور پر شبمن گل بھی 26 رنز بناکر چلتے بنے۔ بھارت کی اننگز میں 15.4 اوورز پر خراب موسم کے باعث میچ کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا تھا۔ میچ رُکنے سے قبل بھارت دو وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا چکا تھا۔ ویرات کوہلی 7 اور شری یاس ائیر 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
بھارت کی تیسری وکٹ 21.3 اوورز میں 128 کے مجموعی اسکور پر گری ۔اڑتالیس ویں اوور میں 269 کے مجموعی اسکور پر ویرات کوہلی 95 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 273 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، کیوی ٹیم کے 7 بیٹر ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5، کلیپ یادیو نے 2 جبکہ محمد سراج اور جسپریت بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔