اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت13 منشیات اسمگلرگرفتارکرکے 106 کلو گرام منشیات برآمدکرلی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 504 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، وہاڑی کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر GF-771 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔
راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 18 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔اے این ایف کی لاہور ڈی ایچ اے اور عسکری 10 میں دو کارروائیوں میں لاہور اور شیخوپورہ کے رہائشی 3 ملزمان کو گرفتارکرکےتین گاڑیوں سے مجموعی طور پر 7 کلو گرام ہیروئن اور 940 گرام کوکین برآمد کی گئی۔ادھر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خیبر کے رہائشی مسافر سے 500 گرام آئس برآمد کی گئی،ملزم دوحہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ فیصل آباد ایئرپورٹ پر پرواز نمبر GF-791 کے ذریعے بحرین جانے والے مسافر کو گرفتار کر کے 335 گرام آئس برآمدکرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے بیگ سے 800 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں، کراچی کا رہائشی مُلزم نشہ آورگولیاں جدہ اسمگل کررہاتھا۔ سٹی ریلوے اسٹیشن کراچی پر کوئٹہ اور کراچی کے رہائشی 3 مُلزمان سے 9 کلو کیٹامائن برآمد کی گئی۔ گورنمنٹ کالج پشاور کے قریب گاڑی سے 57 کلو 600 گرام چرس، 12 کلو افیون، 7 کلو ہیروئن اور 1 کلو آئس برآمد کی گئی۔
کارروائی کے دوران چارسدہ کی رہائشی خاتون اورایک ملزم کوگرفتارکرلیاگیا،برآمدکی گئی منشیات گاڑی کی ڈگی میں چھپا کر پنجاب اسمگل کی جا رہی تھی۔ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 112 آئس بھرے کیپسولز برآمد کرلئے گئے،خیبر کا رہائشی مُلزم منشیات لیکر دوحہ جا رہا تھا۔مزید کاروائیوں کے دوران خیبر کے غیر آباد علاقے سے اسمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 10 کلو چرس برآمد کی گئی۔ ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کےتفتیش شروع کردی گئی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کی کوششوں کو مزید مربوط کردیا ، مستقبل کے معماروں کو منشیات سپلائی میں ملوث مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی ۔ اے این ایف ذرائع کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے روک تھام کی موثرکوششوں پر عمل پیرا ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے بتایاکہ تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے اے این ایف ویجی لینس اسکواڈ کی جانب سے پٹرولنگ کا عمل جاری ہے اور ہرقسم کی مشکوک سرگرمی کو مانیٹر کیاجارہاہے۔ سال 2022 میں تعلیمی اداروں کے اردگرد آپریشنز کرکے 160کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جبکہ ان آپریشنز کے دوران 63 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔