لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سے پارٹی کے سینئر رہنما عون چوہدری، فرخ حبیب اور فواد چوہدری نے ملاقاتیں کیں، عون چوہدری نے نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے وضاحت پیش کردی ۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے فرخ حبیب کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا، فرخ حبیب کو استحکام پاکستان پارٹی میں اہم عہدہ ملنے کا امکان ہے۔
جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد عون چوہدری نے کہا کہ انہوں نے پارٹی قیادت کو نواز شریف سے ملاقات کرنے کی وضاحت پیش کردی ہے، نواز شریف سے ذاتی حیثیت میں ملنے گئے تھے۔ بتایاگیا ہے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں ۔فواد چوہدری اور فرخ حبیب کی ملاقات کے دوران عون چوہدری بھی شریک تھے۔ آئی پی پی رہنمائوں کی ملاقاتوں میں آئندہ کے سیاسی لائحہ اور پارٹی امور پر بات چیت کی گئی ہے۔
دریں اثناء استحکام پاکستان پارٹی نے تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیدی،دو خواتین رہنمائوں کی بھی آئی پی پی میں شمولیت کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین سے غلام سرور خان کی کئی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔