غزہ : اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کیے جانے والے تازہ حملے کے نتیجے میں فلسطین کے 12 سالہ یوٹیوبر عونی الدوس شہید ہوگئے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہادت کا رتبہ پانے والے 12 سالہ عونی الدوس کی شہادت کی اطلاع فلسطینی رضاکاروں نےریسکیو کارروائیوں کے دوران سوشل میڈیا پر دی۔عونی الدوس کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے کچھ عرصہ قبل یوٹیوب پر اپنا چینل بنایا جہاں وہ گیمنگ کی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے تھے ۔
کمسن یوٹیوبر کو بہت زیادہ دیکھا اور پسند کیا جاتا تھا ،یہ ہی وجہ ہے کہ یوٹیوب چینل پر 31 ہزار سے زائد سبسکرائبرز ہیں حالانکہ اس چینل پریوٹیوبر کی شہادت تک صرف 11 ویڈیوز شیئر کی گئی ۔عونی الدوس کا خواب تھا کہ ان کے ایک لاکھ سے زیادہ فالوورز ہو جائیں لیکن وہ غزہ پر تازہ ترین اسرائیلی حملوں میں شہید ہو گئے۔
عونی کے ایک قریبی دوست مصعب دلول نے اپنے فیس بک پیج پر سورۃ الفجر کی آیت نمبر 27، 28، 29 اور 30 کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ’’اے خدا کے نام سے جو بڑا مہربان، نہایت رحم کرنے والا ہے، اے اطمینان والی روح، اپنے رب کی طرف لوٹ جا۔ اس حال میں کہ تو (اپنے انجام نیک سے) خوش (اور اپنے رب کے نزدیک) پسندیدہ ہے‘َ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہربان لڑکا، میرا پیارا بھائی اور دوست اس وقت شہید ہوا جب اس کے گھر کو اسرائیلی بمباری میں نشانہ بنایا گیا۔رپورٹس کے مطابق عونی الدوس کے تمام گھر والے اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے۔