کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے اورنگی ٹاؤن کے کارکن نیازحسین کی شہادت پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے اسے شہرکا امن خراب کرنیکی سازش قراردیا ہے،اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیاسی آزادی کیساتھ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنی سرگرمیاں کررہی ہیں وہیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ شروع کردی گئی جس پرکسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے. سندھ کی نگراں حکومت کراچی میں سیاسی امن و امان قائم رکھنے کیلئے اس قتل کی واردات کی مکمل تحقیقات کرکے ملوث شرپسند عناصرکو قرارواقعی سزا دلوائے اورکسی کو بھی شہرکا امن تباہ کرنیکی اجازت نہ دے،کراچی میں پہلے ہی ڈکیتی کی وارداتوں میں شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری تھا اب ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کا بھی آغازہوچکا ہے، شہراسکا بالکل متحمل نہیں ہوسکتا.
دریں اثناء اورنگی ٹاؤن میں قتل ہونیوالے سابق ٹاؤن ممبرسید نیاز حسین کی نمازجنازہ اورنگی ٹاؤن شارجہ گراؤنڈ شاہ ولی اللہ نگرمیں ادا کی گئی اورتدفین مقامی قبرستان میں کی گئی،نماز جنازہ و تدفین میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینرانیس احمد قائمخانی،رکن رابطہ کمیٹی و سابق وفاقی وزیرامین الحق،رکن رابطہ کمیٹی و سابق ڈپٹی میئرکراچی ارشد حسن،رکن رابطہ کمیٹی و انچارج سی او سی فرقان اطیب،اراکین رابطہ کمیٹی، سی او سی کے ذمہ داران،اورنگی ٹاؤن سمیت دیگر ٹاؤن کے ذمہ داران و یوسی کے ذمہ داران و کارکنان اورمقتول کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر ایم کیو ایم کے کارکنان شدید رنجیدہ تھے اورساتھی کی شہادت پر غم و غصہ پایا جارہا تھا جنکو مسلسل ایم کیو ایم کے اراکین رابطہ نے صبر و تحمل سے کام لینے کی ہدایات کیں۔