کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں نے چند گھنٹوں کے دوران عملے کو یرغمال بنا کر3 پیٹرول پمپس کا کیش لوٹ لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ساڑھے 6 گھنٹے کے دوران اسٹریٹ کریمنلز نے تین پیٹرول پمپس پر دھاوا بولتے ہوئے عملے سے نقد رقم ہتھیالی۔ تینوں وارداتوں میں مجموعی طورپر20 لاکھ روپے کے قریب کیش لوٹا گیا ہے جبکہ ڈاکو اپنے ساتھ اسلحہ بھی چھین کر لے گئے۔
پٹرول پمپس پر لگے کیمروں میں واردات کرنے والے ملزمان کی فوٹیج اور تصاویر واضح ہیں جنھیں اے آروائی نیوز نے حاصل کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلی واردات صبح ساڑھے 6 بجے سکھن کےعلاقے میں کی گئی،4 ملزمان نے پہلے پیٹرول پمپ کے گارڈ سے اسلحہ چھینا پھر 32 ہزارروپے چھینے۔
دوسری واردات صبح ساڑھے 11 بجے الکرم ایف سی ایریا میں کی گئی، جہاں پمپ کے ملازمین سے ساڑھے 18 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے جو وہ بینک میں جمع کرانے جا رہے تھے۔ تیسری واردات مومن آباد فقیر کالونی میں واقع فلنگ اسٹیشن پرکی گئی جہاں عملے سے رقم چھین کر ملزمان فرار ہوگئے۔