غزہ میں بچہ دوران آپریشن قرآن پاک کی تلاوت کرتا رہا

غزہ:اسرائیل کے غزہ میں وحشیانہ حملوں کو دو ہفتوں سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے اور  اسرائیلی بمباری سے اس دوران غزہ کے شہید فلسطینیوں کی تعداد 4ہزار 7سو سے تجاوز کرگئی ہے۔غزہ کے بچوں اور لوگوں کی دلخراش ویڈیوز سامنے آرہی ہیں جس پر صارفین بھرپور احتجاج کررہے ہیں۔حال ہی میں ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں دیکھا گیا کہ دواں سے محروم غزہ کے اسپتالوں میں بے ہوشی یا سن کیے بغیر زخمیوں کا علاج اور آپریشن کیا جارہا ہے۔

ایک بچے کو دیکھا جاسکتا ہے جو اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والی اپنی ٹانگ کی سرجری کے دوران قرآن پاک کی تلاوت کرتا رہا۔ دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے شہید  4ہزار 700سے زائد فلسطینیوں میں  40فیصد بچے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 14ہزار 245سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں، غزہ کے زخمی فلسطینیوں میں 70فیصد بچے اور خواتین شامل ہیں۔