پارٹی کا سینئر لیڈر نہیں، اس لیے نواز شریف کا استقبال نہیں کیا، شاہد خاقان

کراچی: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کیسز کو چلائیں اور بتائیں کہ ہم سے کیا غلطی ہوئی، ہم پر کیس کیا ہے؟

کراچی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیب نے ملک کو مفلوج کردیا ہے۔ پانچواں سال ہے ہم یہاں آتے ہیں اور کچھ نہیں ہوتا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ انصاف کا تقاضہ کہاں گیا اور انصاف کہاں گیا؟ ان کیسوں کو چلائیں، عوام کو دکھائیں کون سی کرپشن ہوئی ہے۔ عدالتوں میں کیمرے لگائیں اورعوام کو دکھائیں ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے استقبال کیلئے اس لیے نہیں گیا کیونکہ میں پارٹی کا سینئر لیڈر نہیں ہوں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پچھلی حکومت نے 5  ترامیم کیں، نیب کو ختم کرنے کی ایک ترمیم ہونی چاہئے۔ آنے والی حکومت سے مطالبہ ہے نیب کو ختم کریں۔  نیب جیسا ادارہ موجود ہے، جس کا کام سیاستدانوں کو توڑنا اور جوڑنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ عہدوں پر رہنے والوں کو انصاف نہ ملے توعام آدمی کو کیسے ملے گا؟ میرا آنے والی حکومت سے بھی مطالبہ ہے نیب کو ختم کریں۔