صدام حسین کی بیٹی کے خلاف کالعدم جماعت کو ملک میں منظم اور متحرک کرنے کا الزام ہے، فائل فوٹو
صدام حسین کی بیٹی کے خلاف کالعدم جماعت کو ملک میں منظم اور متحرک کرنے کا الزام ہے، فائل فوٹو

سابق صدر صدام حسین کی بیٹی کو7 سال قید

بغداد: عراق کے سابق صدر صدام حسین کی سب سے بڑی بیٹی رغاد کو اپنے والد کی کالعدم جماعت ’’بعث پارٹی‘‘ کو متحرک کرنے کے جرم میں 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں فوجداری عدالت میں سابق صدر صدام حسین کی بیٹی کے خلاف ایک کالعدم جماعت کو ملک میں منظم اور متحرک کرنے کے الزام پر مقدمے کی سماعت ہوئی۔

رغاد حسین پر الزام تھا کہ انھوں نے 2021 میں میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے والد کی جماعت بعث پارٹی کے نظریات کو پھیلایا اوران انٹرویو کی سوشل میڈیا پربھی تشہیرکی جب کہ بعث پارٹی کو 2003 میں کالعدم قرار دیا جا چکا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ بعث پارٹی کو 2016 میں عرقی پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے قانون کے آرٹیکل 9  کے بعد کالعدم قرار دیا گیا تھا جو اداروں، جماعتوں، نسل پرستانہ، دہشت گرد اور تکفیری سرگرمیوں کی ممانعت کا قانون ہے۔

عدالت نے کہا کہ رغاد حسین نے اس قانون کی خلاف ورزی کی جس پر انھیں 7 سال کی قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔ رعادحسین کو سزا ان کی غیر موجودگی میں سنائی گئی۔

تاہم عدالتی فیصلے میں رغاد حسین کے اُس انٹرویو کی نشاندہی نہیں کی گئی جن پر انھیں سزا سنائی گئی تھی۔