اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے مدنظر سیکیورٹی فل پروف بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس متحرک ہوگئی۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اویس احمد نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
گزشتہ روز نواز شریف کی پیشی کے موقع پر بغیر چیکنگ 300 سے زائد افراد کمرہ عدالت میں زبردستی داخل ہو گئے تھے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی نے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت کے انٹری پوائنٹس کا بھی جائزہ لیا۔
دوسری جانب رجسٹرار آفس نے بھی نواز شریف کی پیشی کے لیے سیکیورٹی سرکلر جاری کردیا۔جس کے مطابق نواز شریف کیس کی سماعت کل 2:30 بجے مقرر ہے، کمرہ عدالت میں داخلے کے لیے خصوصی پاسز جاری ہوں گے۔
نواز شریف کی لیگل ٹیم کو 15 افراد کی اجازت ہوگی جبکہ لا افسران کو 10 پاسز جبکہ صحافیوں کو 30 پاسز جاری کیے جائیں گے۔