گورنر سندھ، پیر پگارا میں ملاقات، معاشی، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پیر پگارا صبغت راشدی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں معاشی، سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے اسٹیک ہولڈرز کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ضروری ہے۔ادھر گورنر سندھ و چانسلر کامران ٹیسوری کی زیر صدارت سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا۔ جس میں نصاب تعلیم میں بہتری، کورسز کے اجراء، طالب علموں کی تربیت، جامعات کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جامعات میں جاب مارکیٹ کے مطابق تعلیم فراہم کی جائے، ایسے پروفیشنلز سامنے آنا چاہئیں، جنہیں فوری روزگار حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کا دیگر شہروں میں کیمپس قائم کرنا خوش آئند ہے، مقامی طالب علموں کو بہتر تعلیم کے مواقع حاصل ہورہے ہیں۔دوسری جانب گورنر سندھ نے کم عمری کی شادیوں کے خاتمہ پر قومی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری کی شادی سنگین مسئلہ ہے، جس کی وجوہات میں صنفی عدم مساوات اور سماجی رجحانات شامل ہیں۔ تقریب میں نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی سربراہ نیلوفر بختیار نے ینگ یوٹیوبر اور گورنر سندھ کے صاحبزادے زید ٹیسوری کو شیلڈ پیش کی۔

نیلوفر بختیار نے کم عمر میں شادی کے نقصانات پر آگاہی بیدار کرنے کیلئے یوٹیوبر سے تعاون کی درخواست کی۔گورنر سندھ نے جامعتہ الرشید کا دورہ کیا اور کہا کہ مفتی عبدالرحیم کی شفقت، محبت اور دعائیں سرمایہ افتخار ہیں۔ ان کی رہنمائی سے عوامی فلاح و بہبود کے کام شروع کئے۔الغزالی یونیورسٹی کے چارٹر پر میرے دستخط کا ہونا انتہائی سعادت کی بات ہے، جامعتہ الرشید میں دینی اور عصری تعلیم کا امتراج اسے ایک ممتاز و منفرد درس گاہ بناتا ہے۔