گلگت : مارخور شکار کیلئے ایک لاکھ 86 ہزار ڈالر کی ریکارڈ بولی

گلگت : گلگت بلتستان میں استور مارخور کے شکار کے لائسنس جاری کر دئیے گئے۔گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت محکمہ جنگلات و جنگلی حیات جی بی کے زیر اہتمام جنگلی جانوروں کے شکار کے لیے پرمٹوں کے اجرا کے لیے ہونے والی نیلامی میں آئوٹ فٹر کمپنی نے استور مارخور کے صرف ایک شکار کیلئے ایک لاکھ 86 ہزار ڈالر یعنی 5 کروڑ 17 لاکھ 8 ہزار روپے کی بڑی بولی دے کر شکار کا لائسنس حاصل کرلیا ۔ ٹرافی ہنٹنگ سکیم کے تحت سال 2023-24کیلئے مختص جی بی کے 4 مختلف مقامات پر الگ الگ شکار کے 4 عدد استور مارخور کی شکار کے پرمٹ بولی کے لیے پیش کیے گئے۔ نیلامی میں ایک لاکھ 86 ہزار ڈالر (5 کروڑ 17 لاکھ 8 ہزار روپے)کے بولی دہندہ آئوٹ فٹر کمپنی ’’شکار سفاری ‘‘کو کارگاہ، نوپورہ، بسین کنزرویشن ایریا میں ایک عدد استور مارخور کے شکار کا حقدار قرار دیا گیا۔ جی بی کے 3 دیگر مقامات پر بھی استور مارخور کے شکار کے لیے سب سے زیادہ بولی دہندگان کو لائسنس جاری کیے گئے۔