متحدہ عرب امارات کےقونصل جنرل کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری تفویض

کراچی (رپورٹ: محمد اعظم خان) متحدہ عرب امارات کےقونصل جنرل کراچی کا ایک اور اعزاز،یو اے ای قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری جاری کر دی گئی۔گورنر ہاؤس سندھ میں منعقدہ پروقار کانووکیشن میں گورنر سندھ نے یو اے ای کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری پیش کی ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کو گورنر ہاؤس سندھ میں منعقدہ پروقار کانووکیشن میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے ہاتھوں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگر ی کا اعزاز دیا گیا ہے ۔کانووکیشن میں یو اے ای کے قونصل جنرل کراچی کی اہم سفارتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان باالخصوص کراچی سے ان کی خصوصی محبت کا اعتراف بھی کیا گیا ۔

اس موقع پرامّت سے خصوصی گفتگو میں اپنی خوشی اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے یو اے ای قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ، عزت مآب بانی یو اے ای کے لگائے اس دوستی کے شجر کی آبیاری ہم نے اپنی محبتوں سے کی ہے ۔ میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی محبتوں کامقروض ہوں، ایک طویل عرصے سے پاکستان میں قیام کی ایک بڑی وجہ پاکستانی بھائیوں کا پیار ہے ۔ عید الفطر ہو یا عید الاضحٰی ، شب برات ہو چاند رات ہویا سال کے باقی دن رات، میں نے مشکل سے مشکل حالات میں پاکستانی بھائیوں کو مسرتیں اور محبتیں بانٹتے دیکھا ہے ، یہی وجہ ہے کہ تہواروں پر بھی میں اپنے وطن اور گھر والوں کے بجائے پاکستان میں ہی اپنی خوشیوں کو دوبالا کرتا ہوں اور پاکستان کو اپنا دوسرا گھر مانتا ہوں ۔ بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ پاکستان باالخصوص کراچی سے ملنے والی محبتیں زندگی میں کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا، یہ دوطرفہ محبت اور خلوص کا رشتہ ہے ،نا صرف یو اے ای حکومت بلکہ یو اے کی عوام بھی پاکستانی بھائیوں کیلئے اپنے دلوں میں بے پایاں محبتیں رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے کئی دہائیوں سے پاکستان میں مختلف اہم سفارتی ذمہ داریوں پرتعینات موجودہ یو اے ای قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کی پاکستان باالخصوص کراچی سے محبت کا پورا ملک معترف ہے۔بخیت عتیق الرومیتی پاکستانی بھائیوں کی ہر خوشی و غم میں برابری سے شریک ہوتے ہیں۔ سیلاب ہوں یا زلزلے، پاکستان میں قدرتی آفات ہوں یا وبائی بیماریاں، بخیت عتیق الرومیتی نے نا صرف اپنی سرکاری ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھایا ہے بلکہ ہر قسم کے حالات میں اپنوں سے بڑھ کر اپنا پن ثابت کرنا بھی ان کی محبت کا ثبوت ہے۔یہ کہنا بالکل بالکل غلط نا ہوگا کہ متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی پاک یو اے ای برادرانہ تعلقات کی ایک مضبوط کڑی مانے جاتے ہیں۔