دوحہ: قطرکی ایک عدالت نے جاسوسی کے الزام میں ہندوستانی بحریہ کے8 سابق اہلکاروں کو سزائے موت سنا دی۔
گزشتہ سال اگست میں قطری حکام کی جانب سے گرفتار کیے گئے ہندوستانی بحریہ کے آٹھ سابق اہلکاروں کو جاسوسی کے الزام میں موت کی سزا سنا دی گئی،مقدمے کی پہلی سماعت 29 مارچ کو ہوئی تھی۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ انہیں الزامات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا تھا جن کے تحت مقدمہ چل رہا ہے۔مذکورہ اہلکار ایک سال سے زیادہ عرصے سے زیر حراست تھے۔
بھارتی نیوی کے اہلکارقطر کی مسلح افواج کو تربیت اور متعلقہ خدمات فراہم کرنے والی ایک نجی فرم دہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز کے لیے کام کر رہے تھے۔ ان کی ضمانت کی درخواستیں متعدد بار مسترد کی گئیں اور قطری حکام نے ان کی حراست میں توسیع کی۔
بھارتی حکومت نے فیصلے پر صدمے کا اظہار کیا اور اپنے شہریوں کی رہائی کے لیے تمام دستیاب قانونی آپشنز تلاش کرنے کا عزم کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے جمعرات کو فیصلے پر صدمے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اس معاملے کو قطری حکام کے ساتھ اٹھائے گا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے کہاکہ ہم سزائے موت کے فیصلے سے شدید صدمے میں ہیں اور تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہم خاندان کے ممبران اور قانونی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہیں،ہم تمام قانونی آپشنز کی تلاش کر رہے ہیں۔