تنخواہ دیں گے تو کام کریں گے، ملازمین، فائل فوٹو
تنخواہ دیں گے تو کام کریں گے، ملازمین، فائل فوٹو

لاہور، ریلوے ملازمین کا احتجاج, ٹرینیں روک لیں

لاہور میں ریلوے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کرتے ہوئے کراچی سے لاہور آنے والی بزنس ایکسپریس کو روک لیا۔ احتجاج کے باعث لاہور سے کراچی ٹرین آپریشن بند ہوگیا۔

ریلوے ملازمین نے پہلے واشنگ لائین بند کی، پھر احتجاج کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پرآ گئے۔احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کی ادائیگی تک مین ٹریک کو بند رکھا جائے گا۔

مزدوروں نے کراچی سے لاہور آنے والی بزنس ایکسپریس کو بھی روک لیا، جس کے بعد مسافر ٹرین سے اترکر پیدل ہی گھروں کو روانہ ہو گئے۔

ریلوے ملازمین کی جانب سے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جبکہ احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ ہمارے گھروں میں بھوک ہے اور انتظامیہ مزے سے بیٹھی ہے۔

ملازمین نے کہا کہ اب تنخواہ دیں گے تو کام کریں گے، ہمیں بجلی اور گیس کے بل ادا نہ کرنے پر میٹر کاٹنے کا بھی کہا جارہا ہے۔

ملازمین کے مختلف گروپ ہیں، کچھ کو ایک ماہ سے نہیں ملی، کچھ کو تاخیر سے ملتی ہے، چند ملازمین کا دعویٰ ہے کہ انہیں اگست اور ستمبر کی تنخواہ نہیں ملی ہے۔