لاہور: پنجاب حکومت نے غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کرنے کے منصوبے کا اعلان کردیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کے لیے 31 اکتوبر ڈیڈ لائن ہے، اس میں توسیع نہیں کی جائے گی، غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کے خلاف یکم نومبر سے آپریشن ہو جائے گا۔
عامر میر نے کہا کہ پنجاب میں 36 مقامات پر ہولڈنگ ایریاز بنائے گئے ہیں، جہاں پکڑے گئے غیر ملکیوں کو رکھا جائے گا، ڈیپورٹیشن کیلئے وفاق کی طرف سے پنجاب کو جمعہ اور ہفتہ کا دن دیا گیا ہے، پنجاب کابینہ نے اس منصوبے کی منظوری دے دی ہے، صرف ان لوگوں کو ڈی پورٹ کیا جائے گا جن کا سٹیٹس غیر قانونی ہے، پنجاب میں میپنگ کے ذریعے 33 ہزار غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی شناخت ہوئی ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان میں مقیم 99 ہزار افراد کو پکڑا جا چکا ہے، 33 ہزار افراد کے پاس کوئی ڈاکومنٹ نہیں تھے، غیر قانونی افراد کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے ہولڈنگ ایریا بنائے گئے ہیں۔
انہوں کا کہنا تھا کہ 31 اکتوبر کے بعد بھی جو رضا کارانہ طور پر واپس جانا چاہئے گا، انہیں سہولت دی جائے گی، پہلے مرحلے میں ان کے خلاف کاروائی ہو گی جو مکمل طور پر غیر قانونی ہیں، کوئی پاکستانی جس نے غیرقانونی مقیم شخص کو پناہ دی اس کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos