کراچی : قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تو کھلاڑی کیا خاک کھیلیں گے جبکہ بابر اعظم دو دن سے چیئرمین پی سی بی کو میسج کر رہے ہیں لیکن وہ رپلائی نہیں کررہے۔
پی ٹی وی اسپورٹس کے پروگرام میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے قبل ایک سوال کے جواب میں راشد لطیف نے کہا کہ بابر اعظم دو دن سے چیئرمین پی سی بی کو میسج کر رہے ہیں لیکن وہ رپلائی نہیں کررہے، سلمان نصیر اور عثمان والا کو کررہے ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ وہ اپنے کپتان کو رپلائی نہیں کررہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سب کے بعد آپ پریس ریلیز نکال رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو یہ کہا ہے کہ جو سینٹرل سائن کیا ہے اسے ہم دوبارہ دیکھیں گے اور یہ سینٹرل کنٹریکٹ مانا نہیں جائے گا، پانچ مہینوں سے کھلاڑیوں کو تنخواہ نہیں ملی تو کھلاڑی کیا خاک کھیلیں گے۔
اس حوالے سے پروگرام میں موجود سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان نے کہا کہ پریس ریلیز کا اجرا پیشہ ورانہ طرز عمل نہیں ہے، ورلڈ کپ ہو یا دوطرفہ سیریز، ایسی پریس ریلیز تو کبھی نکلنی ہی نہیں چاہیے، کیا یہ کہنے کی بات ہے کہ فینز اور سابق کھلاڑی ٹیم کو سپورٹ کریں، یہ کہنے کی بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پریس ریلیز آنے کا مطلب ہے کہ کوئی مسئلہ ہے، پھر آپ کہہ رہے ہیں کہ ورلڈ کپ کے بعد پرفارمنس کا جائزہ لیں گے، اگر بعد میں جائزہ لینا ہے تو ابھی کیوں بتا رہے ہیں۔