پاک ترک دوستی محبتوں کی بے مثال داستان ہے: محسن نقوی

لاہور (اُمت نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ترکیہ کے 100ویں قومی دن (ری پبلک ڈے) کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاک ترکیہ دوستی محبتوں کی بے مثال داستان ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ ترکیہ کے قومی دن پر ترکیہ کی قیادت اورعوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ترکیہ کے رپبلک ڈے کی 100ویں سالگرہ پاکستانیوں کے لئے بے حد خوشی کا باعث ہے، ترکیہ عالمی منظر نامہ پر ایک اہم اسلامی ملک ہے،اس کی ترقی کے لئے ترکیہ کے عوام اور قیادت کی محنت قابل ستائش ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزید کہا کہ ترکیہ اور پاکستان ایک دوسرے کی ہر مشکل گھڑی میں امداد اور تعاون کے لئے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں اور کھڑے رہیں گے، پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ محبت، بھائی چارے، اعتماد اور پارٹنرشپ کا خوبصورت امتزاج ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کی باہمی شراکت داری اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں، پنجاب میں ترکیہ کے مختلف ادارو ں کی شاندار خدمات کو سراہتے ہیں، پاکستان اور ترکیہ اسلامی برادر ممالک ہیں، ہماری ثقافت، تاریخ اور تہذیب ایک جیسی ہے، اس لیے ہماری دوستی مثالی ہے، ترکیہ کے عوام کے روشن مستقبل اور پاک ترکیہ دوستی کی مزید مضبوطی کے لئے دعا گو ہوں۔