قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کے دعوؤں پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ردعمل بھی آگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع نے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کپتان بابراعظم نے ذکا اشرف کو کوئی کال یا پیغام نہیں بھیجا۔
بورڈ کے نمائندے کا کہنا ہے کہ بابراعظم نے جمعہ کو چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کے ساتھ طویل فون پر بات چیت کی، جس میں انہوں نے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے کو حل کرنے پر مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی تعریف کی جبکہ بھارت میں ملاقات کو بھی مثبت قرار دیا۔
آفیشل نے اس بات پر زور دیا کہ کپتان اور پی سی بی کے سربراہ کے درمیان خوشگوار بات چیت کے پیش نظر بابراعظم کو نظر انداز کرنے کے بارے میں بات چیت خبریں بے بنیاد ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے دعویٰ کیا تھا کہ بابراعظم گزشتہ دو روز سے چیئرمین ذکا اشرف سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کو میسج کررہے ہیں لیکن کوئی جواب نہیں ملا جبکہ پاکستانی پلئیرز کو گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئی ہیں۔
راشد لطیف نے سوال اٹھایا کہ بابراعظم نے سلمان نصیر (چیف آپریٹنگ آفیسر)، عثمان والہ (ڈائریکٹر: انٹرنیشنل کرکٹ) کو میسج کررہے ہیں تو انکے کپتان کو جواب نہ دینے کی کیا وجہ ہے؟ پھر، آپ ایک پریس بیان جاری کررہے ہیں۔