کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اسرائیلی دہشت گردی اور جارحیت کے خلاف اسلام آباد امریکی سفارتخانے پر تمام تر رکاوٹوں کے باوجود کامیاب ”غزہ مارچ“ پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ نگراں حکومت کے لیے شرم کا مقام ہے کہ اسرائیل اور امریکا کے خلاف کچھ کرنے پر تیار نہیں ہیں، پاکستان کے حکمران امریکا اور اسرائیل کے غلام بنے ہوئے ہیں، اسرائیل امریکا کی پشت پناہی سے غزہ کے مسلمانوں پر مسلسل بمباری کر رہا ہے لیکن حکمرانوں نے عملاً مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، عالم اسلام کے 57ممالک اور 70لاکھ افواج ہونے کے باوجود گزشتہ رات اہل غزہ پر جو قیامت ڈھائی گئی ہے اس کے بعد بھی حکمرانوں کی غیرت و حمیت نہ جاگی تو یہ بہت بڑا المیہ ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کی اسرائیل کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے، امت مسلمہ کے حکمرانوں کی غیرت و حمیت کو جگانے اور اہل غزہ و فلسطین کی مدد کے لیے مارچ کا سلسلہ جاری رہے گا،جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین کے تحت کراچی کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں نے چار بڑے ”خواتین مارچ“کیے ہیں،بہت جلد بچوں کا ”ملین مارچ“بھی منعقد کیا جائے گا،15مارچ کو شاہراہ فیصل پر زبردست اور تاریخی ”فلسطین مارچ“ منعقد کیا گیا تھا جس میں اہل کراچی نے فلسطینی مسلمانوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔
انہوں نے کہاکہ ایمانی غیرت و حمیت اور وقت کا تقاضہ ہے کہ قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی کے لیے حماس کے مجاہدین اور فلسطین کے مسلمانوں کی جدو جہد کا ساتھ دیا جائے۔ پاکستان کے حکمران، عالم اسلام کے حکمرانوں کو جمع کریں اور اسرائیلی قبضے کے خلاف عملی اقدامات کریں۔ خواتین بھی حکمرانوں کو پیغام دے رہی ہیں کہ وہ آگے بڑھیں اور غیرت و حمیت کا مظاہرہ کریں۔