کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت نے بھی دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو ہرا دیا

لکھنؤ:  آئی سی سی ورلڈ کپ کے 29 ویں میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو 100 رنز سے ہراکر مسلسل چھٹا میچ جیت لیا۔لکھنؤ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 230 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں انگلش بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پوری ٹیم 34.5 اوورز میں 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگیا جبکہ جنوبی افریقا 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلا گیا۔جبکہ انگلینڈ ٹورنامنٹ میں پانچ شکستوں کے بعد سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی اننگز کا آغاز ڈیوڈ برسٹو اور ڈیوڈ ملان نے کیا تاہم انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑاگئی اور صرف 52 رنز کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر جونی برسٹو 14، ڈیوڈ ملان 16 جبکہ جو روٹ اور بین اسٹوکس صفر پر آؤٹ ہوگئے۔کپتان جوز بٹلر 10 رنز، معین علی 15 رنز، کرس ووکس 10، عادل رشید 13 رنز بناسکے جبکہ مارک ووڈ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ولی 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔بھارت کی طرف سے محمد شامی نے 4، جسپریت بمراہ نے 3، کلدیپ یادیو نے 2 اور رویندرا جڈیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ روہت شرما مین آف دی میچ قرار پائے۔بھارتی اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے۔ اوپنر شبمن گل 9، شریاس ایر 4، کے ایل راہول 39، رویندرا جڈیجا 8، محمد شامی 1 جبکہ ویرات کوہلی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر کپتان روہت شرما نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی امید افزا اننگز کھیلی۔ انھوں نے راہول کے ہمراہ 91 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ بنائی۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے 3 ، کرس ووکس اور عادل رشید نے 2، 2 جب کہ مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔