راولپنڈی : بلوچستان کے علاقے آواران میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہےجس میں 2دہشت گرد ہلاک اور 2زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسزکے دو اہلکار بھی شہید ہوگئے۔ ا ٓئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں نائب صوبیدار آصف عرفان اورسپاہی عرفان علی شامل ہیں۔ نائب صوبیدار آصف عرفان کی عمر 37 سال اور تعلق اوکاڑہ سے ہے۔سپاہی عرفان علی کی عمر 22سال اور اس کا تعلق سرگودھاسے ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے دو نوں اہلکار پاک دھرتی پر قربان ہوگئے دونوں نے دہشت گردوں کا موثر انداز میں مقابلہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردو ں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کا ٹول پلازہ پر حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید۔ دہشتگردوں نے پلازہ کے دفتر سے 4لاکھ روپے بھی لوٹ لئے ، حملے میں ایک ایف آر پی پولیس جوان شہید ہوگیا، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشتگرد موقع سے فرار ہوگئے، ریسکیو1122کی ایمبولنس نے شہید اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا۔دوسری جانب تحصیل کلاچی میں یادگار چیک پوسٹ پر بھی دہشتگردوں نے حملہ کیا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ گزشتہ شب دہشتگردوں نے یارک ٹول پلازہ پر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا، اس دوران علاقہ فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھا، دہشتگردوں نے راکٹ لانچروں اور دستی بموں کا بھی استعمال کیا، اس دوران دہشتگردوں نے سی پیک ٹول پلازہ کے دفترسے 4لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی، اس دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے ٹول پلازہ کی چھت پر قائم مورچہ میں موجود ایف آر پی پولیس اہلکار شیر عالم خان شہید ہوگیا، پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ سے دہشتگرد موقع سے بھاگ گئے۔