تل ابیب (اُمت نیوز) اسرائیل کی افواج کی جانب سے غزہ میں مزید تازہ دم فوجی دستے بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ مزید فوجی دستے غزہ میں موجود اپنی فورسز کی مدد کریں گے، غزہ میں زمینی کارروائیوں اور افواج کی تعداد کو بڑھا رہے ہیں، زمینی کارروائی میں ہماری افواج کیلئے بھی خطرات موجود ہیں۔
اسرائیلی فوج نے مزید کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں حماس کے 450 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جنگی طیاروں نے حماس کے فوجی ٹھکانوں پر بھی حملے کیے ہیں۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ حملوں میں فوجی ہیڈ کوارٹرز، متعدد چیک پوسٹوں اور بھاری توپ خانوں کو نشانہ بنایا گیا، حماس کے اُن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جہاں سے اسرائیل پر میزائل داغے جانے کا سلسلہ جاری تھا۔
واضح رہے غزہ میں صیہونی فورسز کی جانب سے نہتے شہریوں پر شدید بمباری جاری ہے، زمینی، فضائی اور بحریہ کے حملوں میں مزید 350 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز کے حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے زائد ہو گئی جن میں 3600 بچے اور 1900 سے زائد خواتین شامل ہیں۔