اسلام آباد ( اُمت نیوز) وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا، جس میں حج پالیسی 2024ء اور حج و عمرہ ریگولیشن بل 2023ء کابینہ میں منظوری کیلئے پیش ہوں گے، فلائی جناح کو بین الاقوامی روٹس فراہم کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ غیر ملکی غیر قانونی باشندوں کی وطن واپسی کے احکامات کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انکوائری کمیشن برائے لاپتہ افراد کی مدت میں توسیع پر بھی بات ہو گی، کابینہ سے ایف آئی اے اور انسداد انسانی سمگلنگ کے پولیس سٹیشنز کے قیام اور انہیں رولز میں شامل کرنے کی منظوری بھی لی جائے گی۔
کابینہ اجلاس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت، برآمدات و درآمدات میں اضافہ سے متعلق معاہدے کی منظوری بھی لی جائے گی، ایل این جی اور ایل پی جی خریداری اور کارگو سے متعلق پیپرا رولز میں نرمی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
علاوہ ازیں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 6، 26 اور 27 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ وفاقی کابینہ ملک کی مجموعی معاشی، سیاسی صورتحال اور امن و امان کا جائزہ بھی لے گی۔