لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق انضمام الحق نے اپنا استعفیٰ چئیرمین پی سی بی منتجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کو بھیجوادیا۔ اپنے بیان میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا، مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے سائیڈ پر ہوجاؤں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انکوائری کرے میں دستیاب ہوں، بغیر تحقیق کے باتیں کر رہے ہیں جس نے بھی کہا ثبوت دیں۔
سابق چیف سلیکٹر کا کہنا تھاکہ پی سی بی سے بھی میں نے کہا تحقیق کریں جو بھی مجھ پر الزام لگے ثبوت بھی دینا چاہیئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، اس طرح کے الزمات سے دکھ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پرالزامات لگنے پرمیں نے بورڈ سے بات کی تھی، بورڈ کوکہا کہ آپ کو کوئی شک ہے توانکوائری کرلیں، مجھے فون آیا اور بتایا گیا کہ 5 لوگوں کی کمیٹی بنائی گئی ہے، اس پر بورڈ کوکہا جب تک کمیٹی تحقیقات کرلےعہدہ چھوڑ دیتا ہوں۔
انضمام الحق کا مزید کہنا تھاکہ تمام چیزیں کلیئرہونے کے بعد پی سی بی کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا، مجھے لگا کہ میرے خلاف انکوائری ہورہی تو مجھے عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے، ہمیں انکوائری کے نتائج کا انتظار کرنا چاہیئے۔
قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے انضمام الحق کو طلب کیا تھا۔ انضمام الحق چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کے لیے آئے تھے تاہم ان کی اور ذکاء اشرف کی ملاقات نہ ہوسکی۔