جسٹس عرفان سعادت کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری

اسلام آباد: پارلیمانی ججز تعیناتی کمیٹی نے سندھ ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس عرفان سعادت خان کی بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دے دی۔ججز تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پاکستان پیپلز پارٹی رہنما سینیٹر فاروق حمید نائیک کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران وزیر داخلہ سینیٹر میر سرفراز احمد خان بگٹی اوردیگر ارکان نے شرکت کی۔ پارلیمانی ججز تعیناتی کمیٹی کی منظوری کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تعیناتی کا باقائدہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے جس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ ان سے بطور جج سپریم کورٹ حلف لیں گے ۔ واضح رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں متفقہ طور پر جسٹس عرفان سعادت خان کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کی منظوری دی تھی۔