پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،میں بیٹھا ہوں،الیکشن کی تیاری کریں، زرداری

کراچی: پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی سیاست کی ہے اور ہماری طاقت عوام کا ہم پر اعتماد ہے۔ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نےپارٹی کارکنان سے سیاسی صورتحال پر مشاورت کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اپنے آبائی شہرمیں دوسرے روز بھی متحرک رہے اور انہوں نے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں پارٹی کارکنان سے  ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ آصف زرداری نے کارکنان سے ملاقات کے دوران عام انتخابات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی اور سیاسی حکمت عملی  سے متعلق کارکنان کی جانب سے دی گئی تجاویز کو سنجیدگی سے سنا۔سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی سیاست کرتی ہے،ہماری طاقت عوام ہیں اور عوامی خدمت کی وجہ سے ہی ہم پر اعتماد ہے، پیپلز پارٹی کی عوامی خدمات کی  بدولت ملک کے ہر ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک جیالے بھٹوازم کے نظریئے سے جڑے ہوئے ہیں۔

سابق صدر کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی بھرپور تیاری کے ساتھ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لے گی۔درایں اثنا آصف علی زرداری سے پی پی شعبہ خواتین کے وفد نے پی پی شعبہ خواتین سندھ کی صدر شگفتہ جمانی کی قیادت میں ملاقات کی۔آصف زرداری نے پی پی شعبہ خواتین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی پی کارکنوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،میں بیٹھا ہوں، نواز شریف واپس آئے ہیں سیاست ان کا حق ہے ،سب سے پہلے میں نے ہی نواز شریف کو وطن واپس آنے کا کہا تھا میں نے ملتان میں بھی اپنا گھر لے لیا ہے،جنوبی پنجاب کے دوستوں اور کارکنان سے خود ملاقاتیں کروں گا۔ پی پی کارکنان انتخابات کی تیاری کریں ۔