کولکتہ (اُمت نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 31 ویں میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں قومی ٹیم کی کمان بابر اعظم کے سپرد ہے جبکہ بنگال ٹائیگرز کو شکیب الحسن لیڈ کررہے ہیں۔
قومی سکواڈ
ٹاس کے موقع پر قومی کپتان بابر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، سکواڈ میں آج 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شاداب خان، امام الحق اور محمد نواز کی جگہ فخر زمان، سلمان علی آغا اور اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گرین شرٹس کو فائنل فور مرحلے کی دوڑ میں رہنے کیلئے بنگال ٹائیگرز کو ہرانا ضروری ہے، پاکستان کے پاس سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کا آج آخری موقع ہے۔
ورلڈ کپ 2023ء میں شاہینوں نے 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں جیت حاصل کی جبکہ بنگلا دیش کی ٹیم نے بھی 6 میچز میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے، گرین شرٹس 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 7 ویں نمبر پر ہیں جبکہ بنگال ٹائیگرز 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 9 ویں نمبر پر ہیں۔