کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ اسرائیلی دہشت گردی اور جارحیت کے خلاف اہل غزہ اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منگل 7نومبر کو ڈاکٹر ز سمیت دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف اور جمعرات 9 نومبر کو بچوں کے ساتھ مارچ کیا جائے گا۔
ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اقوام متحدہ میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف بھاری اکثریت سے جنگ بندی کی قرارداد منظور کی گئی لیکن اس کے باوجود امریکا نے اسرائیل کی سرپرستی جاری رکھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اسرائیل اقوام متحدہ کی قرارداد کو بھی ماننے کے لیے تیار نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ اس وقت امریکا اور بیشتر یورپی حکومتیں اسرائیل کی دہشت گردی کی پشت پناہی کررہی ہیں جس سے مغربی دنیا کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے گھریلوصارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 173فیصداورصنعتی اداروں کے لیے 193فیصد اضافہ کسی صورت قبول نہیں، سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے،پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 200روپے کی جائے،گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں،5نومبر کو ضمنی بلدیاتی انتخاب میں قبضہ میئر مرتضیٰ وہاب کو الگ الگ ٹاؤن کی تین یوسیز سے انتخاب لڑنے کی اجازت دے کر انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ قبضہ میئر بلدیاتی ضابطہ اخلاق کے سیکشن B-16کی بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخاب لڑ رہے ہیں اور اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں،دوسری طرف الیکشن کمیشن نہ صرف تماشائی بلکہ ان کا سہولت کار بنا ہواہے۔صوبائی الیکشن کمشنر انور چوہان نے پورے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی اے ٹیم کا کردار ادا کیا ہے اور آج بھی کر رہے ہیں۔