پیرس: فرانس کے دارالحکومت کے میٹرو اسٹیشن پر ایک نقاب پوش عورت نے اللہ اکبر کا نعرہ لگانے کے بعد مسافروں سے بلند آواز میں کہا کہ تم میں سے کوئی یہاں محفوظ نہیں ہے جس پر پولیس نے خاتون کو گولیاں کا نشانہ بنا ڈالا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نقاب پوش خاتون نے زور زور سے اللہ اکبر کے نعرے لگائے اور خود کو دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی بھی دی جس پر خوف زدہ مسافروں نے پولیس کو کال کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے تک خاتون کو گرفتاری دینے کے لیے مذاکرات کیے لیکن خاتون کے تعاون نہ کرنے پر مسافروں کی حفاظت اور اپنے دفاع میں مجبوراً ہمیں گولیاں چلانا پڑیں۔ خاتون کو 8 گولیاں لگیں جو زیادہ تر ان کے پیٹ پر لگیں۔
بی بی سی کے مطابق پولیس نے انکشاف کیا کہ 38 سالہ خاتون کو 2021 میں بھی حساس اداروں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دینے پر حراست میں لیا گیا تھا تاہم تفتیش کے دوران خاتون کے نفسیاتی امراض میں مبتلا ہونے کا پتا چلا تھا۔