دبئی: آئی سی سی پلیئرز رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بیٹرز میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بولرز میں شاہین آفریدی لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے پہلے نمبر پر آگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی اور اب بیٹرز کے بعد بولرز میں بھی نمبر ون پوزیشن پاکستان کے پاس آ گئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے رینکنگ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی دسویں نمبر سے اونچی چھلانگ لگاتے ہوئے پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے۔
آئی سی سی رینکنگ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی 673 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزلووڈ 663 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے۔
بھارت کے محمد سراج 656 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج کی چوتھی اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی پانچویں پوزیشن ہے۔ کشو مہاراج کے 651 اور ٹرینٹ بولٹ کے 649 پوائنٹس ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی بیٹرز کی رینکنگ میں مسلسل بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، لیکن ریٹنگ پوائنٹس میں گراوٹ کا سلسلہ برقرار ہے، وہ 818 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بھارت کے شبمن گل صرف دو پوائنٹس کے فرق سے دوسرے اور جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک 765 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر ہیں۔