حکومت کا ذکاء اشرف کو ورلڈ کپ تک توسیع دینے کا فیصلہ

لاہور: حکومت کا پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور سربراہ ذکا اشرف کی مدت ملازمت میں ورلڈ کپ فائنل تک توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پی سی بی کے موجودہ پیٹرن نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ایک انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ ابھی چوں کہ ورلڈ کپ چل رہا ہے، اس لیے کوئی قدم اٹھانا مناسب نہ ہوگا، ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد یہ معاملہ دیکھا جائے گا۔ جمعہ کو چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے مستقبل سے متعلق وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے سمری نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو موصول ہوئی۔

سمری میں کہا گیا کہ موجودہ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی مدت کل پوری ہورہی ہے اور ان کے مستقبل سے متعلق وزیراعظم اپنی رائے سےآگاہ کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ذکا اشرف کو ورلڈ کپ تک توسیع دیے جانے کا امکان ہے، کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد حتمی توسیع یا تبدیلی کا فیصلہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ کی توسیع کی سمری پر نگراں وزیر اعظم کسی بھی وقت فیصلہ کرسکتے ہیں۔