غزہ میں اسرائیل کی تین ہسپتالوں کے اطراف بمباری

غزہ ( اُمت نیوز ) غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی فضائی، زمینی اور سمندری راستے سے مسلسل پرتشدد بمباری کا 29واں روزہے، اسرائیلی قابض فوج کے ہسپتالوں پر بھی حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں مزید 100 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ، 7اکتوبر سے اب تک شہادتوں کی مجموعی تعداد9300 تک پہنچ گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں القدس ، الشفا اور انڈونیشیائی ہسپتالوں کو نشانہ بنایا، شفا میڈیکل کمپلیکس کے گیٹ پر ایمبولینسز کے قافلوں پر اسرائیلی بمباری میں 14 افراد شہید ہوگئے۔
اسرائیل کی جانب سے الشفا ہسپتال پر حملہ کرکے ایمبولینس کو نشانہ بنانے پرردعمل دیتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر نے سوشل میڈیا پوسٹ میں مریضوں کو منتقل کرتے ہوئی ایمبولینس پر حملے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طبی عملے اور طبی مراکز کو تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔
عالمی ادارہ اطفال ’یونیسف‘ نے کہا ہے کہ غزہ پٹی بچوں کا قبرستان بن چکی ہے ، غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 3 ہزار سے زائد بچے جبکہ 2 ہزار سے زائد خواتین شہید ہوچکی ہیں ، جس کے بعد شہادتوں کی مجموعی تعداد 9300 ہوگئی ۔
غزہ پراسرائیلی ظلم کا نشانہ بننے والے زخمیوں کی تعداد 32 ہزار سےتجاوز کرگئی ، غزہ میں اسرائیل کے بلا تفریق حملوں اور بمباری میں ایک اور صحافی اور اُس کے گھر والے ٹارگٹڈ حملے میں شہید ہو گئے۔