بنگلور (اُمت نیوز) بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔
بھارت کے شہر بنگلور کے ایم چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ بلیک کیپس کی کمان کین ولیمسن کے ہاتھوں میں ہے۔
کیویز نے بیٹنگ کے آغاز پر محتاط انداز اپناتے ہوئے 7ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کر لئے۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سپنر اسامہ میر کی جگہ فاسٹ باؤلر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، گزشتہ میچز میں ہماری باؤلنگ اچھی رہی، نیوزی لینڈ کو کم سکورز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب کیویز کی ٹیم میں کین ولیمسن کی واپسی ہوئی ہے، ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسا سوچا تھا پچ اس سے مختلف لگ رہی ہے، پاکستان کو اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔
سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے پاکستان کے پاس آج آخری موقع ہے اور اسے آج نیوزی لینڈ کو اچھے مارجن سے ہرانا ضروری ہے۔
ورلڈ کپ کے میچز میں بھی قومی ٹیم کو بلیک کیپس پر برتری حاصل ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 9 بار مدمقابل آئیں، 7 میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں جیت کیویز کے نام رہی۔