پی اے ایف ٹریننگ بیس میانوالی میں کلیئرنس آپریشن مکمل

راولپنڈی(اُمت نیوز)پاک فوج نے پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے میانوالی ٹریننگ ائیربیس پر آج علی الصبح حملے کی کوشش کی جس پر پاک فوج نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے حملے پر پاک فوج نے بر وقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر حملہ ناکام بنایا۔ پاک فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 3دہشتگرد مارے گئے۔پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے 3 طیاروں اور فیول باوزر کو نقصان پہنچا جب کہ جوانوں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا ہے اور اس دوران تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کے لیے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے۔